دہری شہریت کے حامل اعلیٰ سرکاری افسران کی رپورٹ سینیٹ میں پیش کر دی گئی، مختلف سرکاری محکموں میں گریڈ اٹھارہ سے اوپر چالیس سرکاری ملازمین کی دہری شہریت ہے۔
چیرمین سینٹ نیئر حسین بخاری کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں دہری شہریت کے حامل اعلیٰ سرکاری افسران کی رپورٹ سینیٹ میں پیش کی گئی، کابینہ ڈویژن نے دہری شہریت پر سینیٹ کو تحریری جواب دیا، جس کے مطابق مختلف سرکاری محکموں میں گریڈ اٹھارہ سے اوپر چالیس سرکاری ملازمین کی دہری شہریت ہے۔
آڈٹ آفس کا ایک، ریوینیو آفس کے چار، ٹیکسٹائل انڈسٹری کے چھ افسران کی دہری شہریت ہے، اسٹیٹ بینک کا ایک، وزارت ہاؤسنگ کے چھ اور او پی ایف کا ایک سرکاری افسر بھی دہری شہریت کا حامل ہے، صنعت و پیداوار کے دو، سی ڈی اے اور مواصلات کا ایک ایک افسر بھی دہری شہریت کے حامل ہیں۔
چیئرمین نادرا طارق ملک سمیت نادرا کے سات افسران دہری شہریت کے حامل ہیں جبکہ بلوچستان حکومت کے چھ ،ریلوے کے دو، پنجاب حکومت کا ایک افسر بھی دہری شہریت کا حامل ہے، دہری شہریت کے حامل افسران کے بارے میں مکمل معلومات فراہم نہ کرنے پر چیئرمین نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایوان کو مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں، سرکاری افسران کی دہری شہریت کا معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔