ٹورنٹو : برطانیہ کے اینڈی مرے اور سربیا کے نوواک جوکووچ نے راجرز کپ ٹینس ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
ٹورنٹو میں کھیلے جانے والے دوسرے راؤنڈ کے میچ میں ایٹتھ سیڈ برطانیہ کے اینڈی مرے نے آسٹریلیا کے نوجوان کھلاڑی نک کائرگیوس کو اسٹریٹ سیٹس میں آؤٹ کلاس کردیا۔ مرے نے کھیل کا جارحانہ انداز میں آغاز میں کیا اور باآسانی حریف کھلاڑی کو قابو کرلیا، مرے کی فتح کا اسکور چھ دو اور چھ دو رہا۔
ایک اور میچ میں ٹاپ سیڈ سربیا کے نوواک جوکووچ نے فرانس کے گیل مونفلس کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد زیر کیا، ابتدائی دو سیٹس تک مقابلہ برابر تھا۔ فیصلہ کن سیٹ میں جوکووچ نے ٹائی بریک پر میدان مارلیا۔ سرب کھلاڑی نے چھ دو، چھ سات اور سات چھ سے میچ اپنے نام کرلیا، تیسرے راؤنڈ کے میچ میں جوکووچ کا مقابلہ فرانس کے جوولفریڈ سونگا سے ہوگا۔
اسپین کے ڈیوڈ فیررر بھی امریکہ کے مائیکل رسل کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔