سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف رینٹل پاور کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ریفرنس سے غیر متعلقہ افراد کے نام نکالنے کے لیے نیب کو سترہ جنوری تک کی مہلت دے دی۔
رینٹل پاور کرپشن کیس کی سماعت احتساب عدالت میں ہوئی، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بطور ملزم عدالت میں پیش ہوئے، اُن کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے استدعا کی کہ مالی کرپشن سے راجہ پرویز اشرف کا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی وہ ابھی تک مجرم ہیں۔
کیس کے دو ملزمان نے لاہور ہائی کورٹ سے حکم امتناع لے رکھا ہے، وکیل صفائی کے دلائل پرعدالت نے ریفرنس سے غیر متعلقہ افراد کے نام نکالنے کے لیے نیب کو سترہ جنوری تک مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ خود عدالت آنا چاہتا تھے تاکہ حقائق سے آگاہ کرسکیں، وہ پرویز مشرف کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں، فاروق نائیک کا کہنا تھا کہ راجہ پرویز اشرف پر فرد جرم عائد ہوئی توبھرپور دفاع کریں گے۔