آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اپ سیٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ عالمی نمبر ایک امریکہ کی سرینا ولیمز اور روس کی ماریہ شراپوا شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئیں۔
میلبورن میں جاری سال کے پہلے گرینڈ سلم ایونٹ کے چوتھے راؤنڈ کے میچ میں عالمی نمبر ایک امریکہ کی سرینا ولیمز کا مقابلہ فورٹینتھ سیڈ سربیا کی اینا ایوانووچ سے تھا، امریکی کھلاڑی نے کھیل کا آغاز تو جیت کے ساتھ کیا لیکن وہ اختتام فتح کے ساتھ نہ کرسکیں۔ سرینا نے پہلا سیٹ چار چھ سے جیت کر برتری حاصل کی۔ جس کے بعد ایوانووچ نے بھرپور کم بیک کیا اور یک کے بعد دیگرے دونوں سیٹس چھ تین اور چھ تین سے جیت کر کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی۔
ایک اور میچ میں سلواکیہ کی ڈومینیکا سبلکووا نے تھرڈ سیڈ روس کی ماریہ شراپوا کو اپ سیٹ کردیا۔ سلواکین کھلاڑی نے ایک سیٹ کے خسارے میں جانے کے باوجود شراپوا کو تین چھ، چھ چار اور چھ ایک سے قابو کرلیا۔ مینز سنگلز میں عالمی نمبر دو سربیا کے نوواک جوکووچ نے اٹلی کے فیبیو فوگنینی کو زیر کرتے ہوئے آخری آٹھ کھلاڑیوں تک رسائی حاصل کی۔