اسلام آباد : وفاق کی جانب سے نجی پاور پلانٹس کو عدم ادائیگی کے باعث سندھ میں بجلی کا خطر ناک بحران آنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
مالی بحران کا شکار نجی پاور پلانٹس نے پلانٹس بند کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق توانائی کے شعبے کے گردشی قرضوں کا حجم ایک بار پھر چھ سو ارب روپے تک جا پہنچا ہے۔
جبکہ گزشتہ چار ماہ سے نجی پاور پلانٹس کو وفاق کی جانب سے نہ ہونے کے برابر ادائیگیاں کی گئیں ہیں ۔ اس صورت حال کے پیش نظر ایک سو اسی میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے نجی پاور پلانٹس نے پلانٹ بند کرنے پر غور شروع کر دیا۔
انڈسٹری ذرائع کے مطابق اگر بجلی کی پیداوار کم یا بند ہوتی ہے تو سب سے زیادہ صوبہ سندھ کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
سندھ میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ سولہ گھنٹے سے تجاوز کر سکتا ہے۔ سندھ کے مخلتف علاقو ں میں لوڈ شیڈنگ کادورانیہ پہلے ہی بارہ گھنٹے تک جا پہنچا ہے۔