کراچی سمیت سندھ بھرکے تمام ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پبلک نوٹس جاری کردیا۔
صوبے کی واحد میٹروپولیٹین کارپوریشن کراچی کے ضلع وسطی میں اکسٹھ،شرقی میں اڑسٹھ،جنوبی میں سینتالیس غربی میں چوالیس اور کورنگی کی چالیس یونین کمیٹیوں پر رائے دہندگان حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
شہر میں ایک یونین کمیٹی نو امیدواروں پر مشتمل ہوگی۔ اقلیتی امیدوار نہ ہونے کی صورت میں آٹھ امیدواروں پر مشتمل پینل الیکشن لڑسکتا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ بھرمیں ایک کروڑ ستاسی لاکھ تیئس ہزار ایک سو اکیس ووٹرزبلدیاتی الیکشن میں ووٹ کا استعمال کریں گے۔
صوبے میں نامزدگی فارم کا اجراآج سے ہوگیاہے۔چھبیس دسمبرسے انتیس دسمبرتک نامزدگی فام جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ تیرہ جنوری امیدواروں کی حتمی فہرست نشانات کے ساتھ جاری کردی جائے، صوبے میں پولنگ اٹھارہ جنوری کو ہوگی۔
دوسری جانب پنجاب میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج تیسرا روزہے۔ امیدواروں کی بڑی تعدادمتعلقہ دفاترکے باہرموجود ہے۔ کاغذات نامزدگی ستائیس دسمبرتک وصول کئے جائیں گے۔پنجاب میں بلدیاتی انتخاب کےلئے پولنگ تیس جنوری کو ہوگی۔