شکر گڑھ: بھارتی فوج کی جارحیت جاری ہے، شکر گڑھ میں ورکنگ باؤنڈری کے قریب دیہاتوں میں مارٹر گولے برسائے، چناب رینجرز نے بھرپور جوابی کاروائی کی۔
بھارتی فوج کا ایل اوسی پر سرحدی حدود کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے، بی ایس ایف نے شکر گڑھ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جبکہ بھارتی فورسز نے سرحدی گاؤں پر مارٹر گولے بھی پھینکے ،جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
چناب رینجرز کے جوانوں کی جانب سے بھرپور جوابی کاروائی میں بھارتی بندوقیں خاموش ہوگئی، بھارتی فوج کی شدید فائرنگ اور گولہ باری کے باعث لوگوں میں شدید خوف ہراس پھیل گیا جب کہ کشیدہ صورتحال کے باعث شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔
اس سے قبل بھارت کی جانب سے ظفروال اور شکرگڑھ کے علاقوں پر مارٹرگولے داغے اور فائرنگ بھی کی گئی، بھارتی فوج نے ظفروال سیکٹر میں شہری آبادی پرگولہ باری کی، بھارتی فائرنگ سے رینجرز کے دو اہلکار زخمی ہوئے، سکھ مال اور ننگل میں زخمی ہونے والا شخص خورشید احمد اور امجد علی کی بیوی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ ایک چودہ سالہ بچی بھی جاں بحق ہوئی۔
پاکستانی سیکورٹی فورسز نے بھارتی فائرنگ سے متاثر ہونے والے درجنوں دیہات کو خالی کرالیا ہے۔
جس کے بعد چناب رینجرز نے بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا، پنجاب رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائی میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، جس میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کے پانچ اہلکار جاں بحق ہوئے۔
گزشتہ برس بھارت میں نریندر مودی کی انتہاء پسند حکومت آنے کے بعد سے بھاتی فورسز کی جانب سے سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ اورگولا باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں شہریوں سمیت کئی سیکیورٹی اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔