اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ حکمرا ن ڈرے ہوئے ہیں تیس نومبر کے بعد حکومت کا کم کرنا مشکل ہوجائے گا۔ یہ بات انہوں نے کنٹینر میں اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اے آروائی نیوز کے سینئر اینکر پرسن مبشر لقمان نے پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کا خصوصی انٹرویو کیا۔
اس موقع پرعمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت گبھرا گئی ہے جب ہی بسیں پکڑ رہی ہے اور کارکنوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔
صدیق الفاروق کی تعیناتی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ قوم اگر باہر نہیں نکلے گی تو ایسے ہی قانون کی دھجیاں اڑائی جائیں گی۔
کپتان نے کہا کہ اب تک ہم صبر کر رہے تھے لیکن 30 نومبر کے بعد ہمارا لائحہ عمل حکمرانوں کے لئے مشکلات پیدا کردے گا۔
عمران خان نے پی ٹی وی پر حملے کے الزام کو قطعی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی تحریکِ انصاف کا کارکن شامل نہیں تھا اور یہ کہ ان کے پاس ثبوت ہیں، مسلم لیگ ن کے کارکن ہی پی ٹی وی اور ایوانِ صدر کی چھت پر چڑھ گئے تھے۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ سپریم کورٹ پر حملہ کرنے والے ہمیں مجرم کہہ رہے ہیں۔
انہوں نے سراج الحق کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نےمفید مشورے دئیے ہیں۔ عمران خان نے قوم کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی معاشرہ آج تک انصاف نہیں لے سکا جو ظلم کا سامنا کرنے سے ڈرجائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آج انصاف طلب نہیں کیا گیا تو اگلے الیکشن میں پھر یہی لوگ لوٹی ہوئی دولت کے بل پر واپس اس آجائیں گے۔
انہوں نے عوام کو پیغام دیا کہ کل لوگ اپنے حقوق کے لئے ان کا ساتھ دیں انہوں دھرنا جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔