ملتان: سینئر سیاست دان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ جو بھی آیا ہمیں اسی فیصلہ کی توقع تھی جیسا بھی جوڈیشل کمیشن تھا اس پر تمام سیاسی جماعتیں متفق تھیں۔
اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عمران خان پرانے نظام کو ختم کرنا چاہتے ہیں عمران خان سیاست کو صحیح طرح سے نہیں سمجھ سکے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کچھ لوگ استعمال کرکے سائیڈ پر ہوگئے، شیخ رشید اب کسی اور کے کانوں میں مشورے دیں گے،عمران خان کو مشورہ دینے والے جرنیلوں کا کورٹ مارشل ہونا چاہیے۔
جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سیاست کو اس کے اپنے نااہل فیصلوں نے دفن کردیا،تحریک انصاف عمران خان نے بنائی اور وہی اسے توڑ سکتے ہیں، عمران خان کے بغیر پی ٹی آئی کچھ بھی نہیں، عمران خان نے نوجوانوں کو گالی دینا سکھایا اب تربیت بھی کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ قوم کو متحد کرنے کا فیصلہ ہے اب قوم آرام کرسکتی ہےجوڈیشل کمیشن کے فیصلہ سے قوم کو اپنے ووٹ پر اعتماد بڑھ گیا ہے ملک میں اب مارشل لا کا کوئی امکان نہیں۔