کراچی: سرور کونین حضرت محمد مصطفیٰ کے یوم ولادت کے موقع پر ملک کے بڑے شہروں میں جلوس نکالے گئے، شمع رسالت کے پروانوں نے مختلف انداز سے بارگاہ اقدس میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔
حضرت محمد مصطفیٰ کے یوم ولادت کے موقع پر ملک بھر میں عاشقان رسول اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار مختلف طریقوں سے کیا، قریہ قریہ بستی بستی درود و سلام کی محافل کے ساتھ جلوس بھی نکالے گئے۔
کراچی میں عید میلاد النبی کا مرکزی جلوس نیو میمن مسجد سے بر آمد ہوکر نشتر پارک پر اختتام پذیر ہوا، جس کی قیادت شاہ تراب الحق قادری نے کی، نشتر پارک پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شاہ تراب الحق قادری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آج تک کسی بھی سربراہ مملکت نے ملک میں اسلام کے نفاذ کی کوشش نہیں کی یہی وجہ ہے کہ ملک میں دہشتگردی اور انتشار ہے دو شریف آگئے لیکن شرافت کا مظاہرہ نہیں دیکھا گیا اور نہ ہی کسی بے نظیر نے ملک کیلئے بے نظیر فیصلہ کیا۔
اسلام آباد میں عید میلاد النبی کےمرکزی جلوس میں ہزاروں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی، فیصل آباد ،ملتان ،گجرانوالہ ، چینوٹ اور سیالکوٹ ،میں عید میلاد النبی کے جلوس نکالے گئے، جشن عید میلاد النبی کے مرکزی جلوس خصوصی دعاؤں اور درود و سلام کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے۔
لاہور میں عید میلاد النبی کے سیکڑوں جلوس برآمد ہوئے، دعوت اسلامی کے زیر اہتمام ریلوے اسٹیشن سے داتا دربار تک جلوس نکالا گیا۔
پشاور میں بھی سرکار دو عالم سے عقیدت و محبت کا اظہار کیا گیا، کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں جشن عید میلاد النبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، صوبے کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس نکالےگئےاورمحافل میلادہوئیں،اس موقع پرسیکیورٹی کےسخت انتظامات تھے، ملک بھر کی طرح ملکہ کوہسار مری میں بھی عید میلاد النبی جوش وخروش سے منایا گیا ،مرکزی جلوس جامع مسجد غوثیہ سے نکالا گیا۔