کراچی: فرانسیسی جریدے میں گستاخاکانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتوں کی کال پر ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں اور احتجاجی دھرنے دیئے گئے۔
اس موقع پرکوئٹہ شہرمیں مکمل ہڑتال رہی اور احتجاج کے دوران شرکاء نے جریدے کے خلاف نعرے بھی لگائے۔
جمعیت العلمائے اسلام نے چمن میں احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر گستاخاکانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ بد تہذیبی پر مبنی خاکوں کی اشاعت اسلام کے خلاف ثقافتی دہشت گردی ہے۔
ٹنڈو محمد خان میں اسکول کے بچوں نے بھی گستاخاکانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف احتجاج کیا۔
جمعیت العلمائے اسلام نے کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اورلاہورمیں اسکول کےطلبہ نے بھی پلے کارڈز اٹھا کر احتجاج کیا۔ اسلام آباداورفیصل آباد میں بھی متعدد مذہبی گروہوں کی جانب سے احتجاجی ریلیاں نکالیں گئیں۔
ڈیرہ اسمعیل خان میں بھی شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں فرانسیسی جریدے کے خلاف نعرے بازی کی اور پتلے نذرِ آتش کیے۔