کراچی : پیپلزپارٹی کے رہنماء خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ میرے بیان کو سمجھنے میں غلطی ہوئی، مہاجر لفظ کو گالی نہیں کہا، اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو معافی مانگتا ہوں۔
ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے لفظ مہاجر کو گالی قرار دینے کی مذمت کی ، رابطہ کمیٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنماء خورشید شاہ سے الفاظ واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
ابھی یہ پریس کانفرنس جاری ہی تھی کہ خورشید شاہ نے موقع کی نزاکت کا احساس کرتے ہوئے کہاکہ اگر کسی کو ان کے الفاظ سے تکلیف ہوئی ہے تو وہ معافی چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حضرت محمد ﷺ مکہ سے ہجرت کر کے مدینہ آئے تو بعد میں کافی سارے مہاجرین مدینہ میں ہی آباد ہوئے اس لئے مہاجر نہیں رہے تھے، لیکن پھر بھی سندھ قوم میں سب سے پرانا مہاجر تو میں خود ہوں کیونکہ میرے آباءو اجداد بھی عرب سے ہجرت کر کے آئے تھے۔
رابطہ کمیٹی تک خورشید شاہ کی معافی پہنچی تو حیدرعباس رضوی کاکہنا تھاکہ شاہ صاحب آپ اپنے اجداد کی عزت تو رکھ لیں،اور اگر مگر سےبات نہیں بنے گی معافی مانگنی ہے تو سیدھی طرح سے اپنے الفاظ واپس لے کر معافی مانگ لیں۔