ابوظہبی: آسٹریلیا کے خلاف سینچریوں کی ہیٹ ٹرک پاکستانی بیٹسمینوں کے لیے ہمیشہ خواب رہی لیکن یونس خان نے اس خواب کو حقیقت میں بدل دیا اور آسٹریلیا کے خلاف سینچریوں کی ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین بن گئے۔
آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں ایک مرتبہ پھر یونس خان پاکستان کیلئے مرد بحران بن گئے، یونس خان نے عرب کے صحرا میں رنز کے انبار لگا دیئے۔ تجربہ کار بیٹسمین یونس خان نے ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے آسٹریلیا کیخلاف مسلسل تین سنچریاں اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔
آسٹریلیا کیخلاف یہ منفرد کارنامہ انجام دینے والے وہ دنیائے کرکٹ کے دوسرے اور پاکستان کے پہلے کھلاڑی ہیں، یونس خان پاکستان کے چوتھے کھلاڑی ہیں جنھوں نے کسی بھی ٹیم کیخلاف مسلسل تین اننگز میں سنچریاں بنائی ہیں، اس سے پہلے انیس سو چوبیس میں انگلینڈ کے ہربرٹ سٹکلف نے آسٹریلیا کیخلاف مسلسل تین سنچریاں بنائیں تھی اور اب نودہائیاں گزرنے کے بعد یہ کارنامہ پاکستان کیلئے یونس خان نے انجام دیا ہے،یونس خان کی ٹیسٹ سنچریوں کی تعداد ستائیس ہوگئی ہیں وہ پاکستان کیلئے سب سے زیادہ سنچری بنانے والے کھلاڑی بھی ہیں۔
پاکستان ٹیم کے سابق کپتان آصف اقبال نے یونس خان کی آسٹریلیا کیخلاف مسلسل تین سنچریاں اسکور کرنے کو تاریخی کارنامہ قرار دیا ہے، کہتے ہیں کہ انھوں نے فیلڈ میں آکر ناقدین کو کرارا جواب دیا ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کا کہنا ہے کہ یونس خان نے سنچریوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کرکے قوم کو سال کا یادگار تحفہ دیا ہے۔ امید ہے قومی ٹیم سیریز جیت لے گی۔