پینسلوانیا :آج کل ہر انسان اپنے بڑھتے ہوئے جسمانی وزن کو لےکر پریشان رہتا ہے، اور یہ سمجھتا ہے کہ کھانے کی عادات کی وجہ سے وزن بڑھ رہا ہے ۔
امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آپ کے وزن بڑھنے کی وجہ آپ کے کھانے کی عادات نہیں بلکہ آپ کی خراب نیند ہوسکتی ہے۔
پینسلوانیا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق ایک رات میں نیند کی کمی بھی لوگوں کے اندر بہت زیادہ چربی والی غذاﺅں کا رجحان بڑھا دیتی ہے۔
تحقیق کے دوران 34 رضاکاروں کا جائزہ لیا گیا ، جس کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ نیند کی کمی لوگوں کو زیادہ خوراک کی جانب لے جاتی ہے اور کھانے کا انتخاب بھی ایسا ہوتا ہے جو موٹاپے کا باعث بنتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ نیند کی کمی لوگوں کے اندر موٹاپے کا سبب بننے والی خوراک کی رغبت بڑھا دیتا ہے اور وہ لوگ صحت بخش کھانوں کو ناپسند کرنے لگتے ہیں۔
اس سے قبل ماضی میں تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ نیند کی عادات اور جسمانی وزن میں اضافے کا باعث میٹابولک ہارمونز میں تبدیلیاں آنا ہے تاہم اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ درحقیقت ہمارے دماغی نیٹ ورک میں آنے والی تبدیلیاں ہمیں وزن میں اضافہ کرنے والی خوراک کی جانب لے جاتی ہیں۔