لاہور: واہگہ دہشتگردی کے شبہ میں لاہور سمیت مختلف شہروں سے پچیس مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا، عینی شاہدین کے بیان بھی ریکارڈ کئے جا رہے ہیں۔
واہگہ دہشتگردی کے ملزمان کی گرفتار کیلئے پولیس نے لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ سے متعدد افراد کو حراست میں لیا ہے، حساس اداروں کے مطابق واہگہ دہشتگردی کا منصوبہ کراچی میں کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان اور جند اللہ کے اشتراک سے تیار کیا گیا تھا۔
پنجاب پولیس نےمشکوک افراد کی گرفتاری کیلئے فیصل آباد اور چنیوٹ میں آپریشن کیا، آپریشن کے دوران اٹھارہ مشکوک افراد کو گرفتار کیا گیا۔
پنجاب کے وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ واہگہ دھماکے میں 15 سے 20 کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔
واہگہ پریڈ گراؤنڈ دھماکے کے حوالے سے عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ مبینہ حملہ آور کو پہلے بھی تقریب میں دیکھا گیا تھا، عینی شاہدین کے مطابق خود کش حملہ آور کی عمراٹھارہ سے تیئیس سال کے درمیان ہوسکتی ہے، زیرِ تفتیش افراد کے موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کیا جارہا ہے۔