وزیراعظم نواز شریف نے سوات میں فوجی چھاوٴنی کی منظوری دے دی، انکا کہنا ہے کہ سوات کے عوام اور فوج نے دہشتگردی کے خلاف بے انتہا قربانیاں دی ہیں۔
دورہ سوات کے موقعے پر وزیراعظم نواز شریف نے چیف آف آرمی اسٹاف راحیل شریف اور کور کمانڈر پشاور خالد ربانی سے ملاقات کی، جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم کو سوات اور ملاکنڈ ڈویژن کے حالات پر بریفنگ دی، اس موقع پر وزیراعظم نے سوات میں فوجی چھاوٴنی کے قیام کی باقاعدہ منظوری دے دی۔
اس سے پہلے وزیراعظم نے سرکٹ ہاوٴس سوات میں یوتھ لون کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے لئے قرضہ اسکیم سے لاکھوں افراد کو روزگار اور نوکریاں ملیں گی اور اس اسکیم کی سب سے ذیادہ ضرورت خیبر پختون خواہ اور فاٹا کے جوانوں کو ہے کیونکہ دہشت گردی کی وجہ سے یہاں کے لوگوں کے کاروبار خراب ہوئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہر سیاسی پارٹی کے کارکنوں کو یہ قرضہ دیا جائیگا، انہوں نے کہا کہ سوات کے لوگوں نے امن قائم کرنے کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں،سوات کے عوام اور افواج پاکستان کی وجہ سے یہاں امن قائم ہوا ہے۔