کراچی: وزیر اعظم کی لندن سے واپسی کے لیے سواری تیار ہوگئی، پی آئی اے کا بوئنگ ٹرپل سیون وزیر اعظم کو لندن لینے جائے گا۔
وزیراعظم کولندن سے وطن واپس لانے لانے کے لئے پی آئی اے کا بوئنگ طیارہ سجناشروع ہوگیا، بوئنگ ٹرپل سیون خالی ہی لندن اڑان بھرے گا پاکستان انٹر نیشنل ائیرلائنزکےانجینئرزکودو بوئنگ طیاروں کو وی آئی پی بنانے کی ہدایت مل گئی۔انتظامیہ کوکھانا بھی وی آئی پی بنانےکے انتظامات کرنےکی ہدایت آئی ہے۔
گزشتہ رات وزیر اعظم کی شاہی سواری کو تیار کرنے کیلئے قومی ایئرلائن کے عملے کی دوڑیں لگی رہیں، پی آئی اے کے بوئنگ ٹرپل سیون کی تمام سیٹیں نکال کر رات بھر جراثیم کش اسپرے کا عمل جاری رہا، جبکہ طیارے میں 24 وی آئی پی سیٹیں لگادیں گئیں۔
وزیراعظم کی وطن واپسی کیلئے قومی ایئرلائن کے دو طیاروں کا انتخاب کیا گیا ہے ایک بوئنگ طیارے اسٹینڈ بائی پر رہے گا جبکہ دوسرا خصوصی طیارہ کراچی سے آج رات برطانیہ کے اسٹینسٹڈ ایئرپورٹ روانہ ہوگا، جس کے باعث پی آئی اے فیول کی مد میں لاکھوں ڈالر کے اخراجات برداشت کرے گا۔
قومی ایئرلائن کے دو بوئنگ طیاروں کے ریزرو کرنے کی وجہ سے نیویارک ، ٹورنٹو ، پیرس جانے والی پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوگا،جس کے باعث امریکہ کینیڈا اور پیرس کے مسافروں کی تقریبا 24 گھنٹے بعد واپسی ہوگی۔ ،
ذرائع کا کہنا ہے وزیر اعظم اپنی شاہی سواری میں نو جولائی کواہلخانہ کے ہمراہ لندن کے وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے لاہور کے لیے روانہ ہونگے۔
وزیر اعظم کی شاہی سواری کو تیار کرنے کے لئے قومی ایئرلائن کو کروڑوں ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا تاہم پی آئی اے پہلے ہی بڑے خسارے سے دوچار ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف بائیس مئی کو علاج کے لیے لندن گئےتھے جہاں ہارلے اسٹریٹ اسپتال میں 31 مئی کوان کے دل کی سرجری ہوئی۔