اسلام آباد: وفاق المدارس العربیہ نے مدارس کے خلاف کارروائیوں پر حکومت مخالف جلسے کرنے کا اعلان کر دیا، پہلا جلسہ 15 مارچ کو لاہور میں ہو گا۔
وفاق المدارس العربیہ کے رہنماؤں مولانا حنیف جالندھری اور علامہ طاہر اشرفی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کی آڑ میں مدارس اور مساجد کا تقدس پامال نہیں ہونے دینگے۔
حکومت کیخلاف احتجاجی جلسوں کا اعلان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پہلا احتجاجی جلسہ 15 مارچ کو جامعہ اشرفیہ لاہور جبکہ دوسرا 19 مارچ کو لیاقت باغ راولپنڈی میں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا مدارس سے رویہ امتیازی ہے ، قانونی دستاویزات رکھنے والے طلبہ کو تعلیم مکمل کئے بغیر ڈیپورٹ کرنے کا کوئی فیصلہ قبول نہیں کرینگے۔
انہوں نے مدارس کے خلاف پروپیگنڈے کو عالمی ایجنڈے کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مدارس کی قیادت تصادم نہیں تعاون چاہتی ہے، حکمران مذہبی طبقوں کوبھی پاکستانی سمجھے ، مسجد ، مدارس ، پگڑی اور داڑھی کو دہشتگردی سے نہ جوڑا جائے۔