اسلام آباد: پاکستان بار اور سپریم کورٹ بار نے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے اور غیر آئینی مطالبات کے خلاف کل ملک گیر عدالتی با ئیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان بار اور سپریم کورٹ بارز کے نمائندوں کا ایک مشترکہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا گیا اجلاس نے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے غیر آئینی مطالبات کی شدیدمذمت کرتے ہوئے اعلان کیاکہ ملک میں کسی بھی قسم کی غیر آئینی تبدیلی ملک کے مستقبل کے لئے تباہ کن ہو گی اور ایسی کسی بھی تبدیلی کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ تمام سیاسی جماعتیں احتراز اور برد باری کا مظاہرہ کریں اجلاس میں قرار دیا گیا کہ شفاف اور غیر جانب دار انتخابات کے لئے غیر جانب دار اور خود مختار الیکشن کمیشن ہو نا لازمی ہے اس ضمن میں سپریم کورٹ ورکرز پارٹی فیصلہ کی روشنی میں قانون سازی کی جائے اجلاس میں کہا گیا کہ غیر قانونی ہلاکتیں وہ لاہور مین ہوں یا کسی بھی صوبے میں قابل مذمت ہیں اجلاس نے تحریک انصاف کی سول نافرمانی کی تحریک کو بھی ملکی مفاد کے منافی قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔