کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ دونوں ممالک کے عوام کو قریب لاتی ہیں، سیریز کا انعقاد مستقبل بنیادوں پر ہونا چاہیے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ ہم سب پاک بھارت سیریز کا انعقاد چاہتے ہیں، سیریز ہوگی تو دونوں ممالک کی عوام قریب آئیں گی، اس لئے پاک بھارت سیریز کا انعقاد ضروری ہے۔
ایک سوال پر یونس خان نے کہا کہ پی ایس ایل میں بطور کھلاڑی شرکت کرنا ممکن نہیں، انہیں کسی اور رول کی پیشکش ہوئی تو غور کریں گے، سابق کپتان نے کہا کہ ٹیم کا کوچ ایسا ہونا چاہیے جو کھلاڑیوں کو متحد کرسکے۔
عامر کے بارے میں یونس نے کہا کہ ٹیم میں فاسٹ بولر کی واپسی کا فیصلہ بورڈ کو کرنا ہے، ان کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔