لاہور: وزیرِ پانی و بجلی خواجہ آصف ایک بحران پر قابو پانے کی امید دلاتے ہیں تو دوسرے بحران کے خدشے کا پتا بھی دیتے ہیں، وزیرِ پانی و بجلی کا کہنا ہےکہ آئندہ چند برسوں میں ملک کو پانی کے قحط کا سامنا ہوگا۔
وزیرِ پانی وبجلی کو اگر وزیر بحران کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا، لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا شمار ایسے ممالک میں ہوتا ہے جن کو پانی کی قلت کا سامنا ہے، اگر مناسب اقدامات نہیں کئے گئے تو آئندہ چھ سات سال میں ملک میں پانی کا قحط ہوسکتا ہے۔
وزیرِ پانی وبجلی خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ قحط سے بچنے کیلئے آبی ذخائر کیلئے ڈیموں کی تعمیر بہت ضروری ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چند دہائیوں سے ڈیموں کی تعمیر سیاست کی نذرہوگئی ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بجلی کا شارٹ فال دور کرنے کیلئے حکومت جامع پلان پر کام کر رہی ہے، آئندہ تین سال میں بجلی کی قلت پر قابو پالیا جائے گا۔