پشاور: دریائے کابل میں پانی کی سطح میں اضافے سےسردریاب میں الرٹ جاری کر دیاگیا، سوات میں جاری بارش اور برفباری سے شہری محظوظ ہوتے رہے۔
پشاور میں دوروز سے جاری بارشوں سے دریائے کابل میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، جس کے بعد سردریاب کی مقامی آبادی کو الرٹ کردیا گیا۔
دریا میں پانی کی سطح میں اضافے اور محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کے بعد ڈپٹی کمشنر پشاور نے رین الرٹ جاری کر دیا ہے۔
موسلادھار بارشوں سے کئی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں جبکہ ندی نالوں میں طغیانی سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے بعض مقامات پر مزید بارش کاامکان ظاہر کیا ہے، ادھرسوات میں بارش اور برفباری کے بعد سیاحوں نے جنت نظیر وادی کا رخ کرلیا ہے۔