جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

پیپلز پارٹی اورعوام کوسندھ کی تقسیم قبول نہیں، شرجیل میمن

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی:سندھ کے وزیرِ اطلاعات و بلدیات اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کے رہنماء ہیں۔

 شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ بھٹو خاندان نے پاکستان، جمہوریت اور عوام کے لئے جانوں کے نذرانے دئیے ہیں، ہمیں فخر ہے کہ ہمارے لیڈر پاکستانی شہری ہیں اور پاکستان میں بیٹھ کر سیاست کررہے ہیں۔

بدھ کی شب جاری ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کا یہ فرض ہے کہ وہ دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کی عزت کریں، انہوں نے کہا کہ ہم غلط بات کا جواب غلط زبان سے نہیں دینا چاہتے۔

شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور سندھ کے عوام سندھ کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں کریں گے اور سندھ کے غیرت مند عوام سندھ کی تقسیم کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ سندھ میں رہنے والے اور تمام زبانیں بولنے والے آپس میں بھائی چارگی اور محبت کے ساتھ رہ رہے ہیں تاہم کچھ لوگوں کو سندھ کے عوام کی محبت پسند نہیں ہے اور وہ سندھ کو تقسیم کرنے کی باتیں کررہے ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت نے اس ملک کی جمہوریت اور عوام کی فلاح و بہبود اور بھلائی کے لئے جو قربانیاں دیں ہیں، کسی بھی سیاسی جماعت یا ان کے قائدین نے اتنی قربانیاں نہیں دی ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہم اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے” مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسو ”کے نعرے پر اپنی جانوں کے نذرانے آج بھی دینے کو تیار ہیں۔

اہم ترین

مزید خبریں