لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چوہدری اعتزا احسن نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کے نظام کو آئینی دائرہ کار میں لانے کے لیے پیپلز پارٹی کے سینیئر وکلاء کا پیر کے روز اجلاس ہوگا، حکومت سمجھتی ہے کہ تحفظ پاکستان آرڈیننس میں عمل در آمد پرسول عدالتوں کے ججز کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔
بے نظیر بھٹو کی ساتویں برسی کے حوالے سے پی پی پی لاہور کی تنظیم کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری اعتزا احسن نے کہا کہ جتنی دہشت گردی کا شکار پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکن رہے ہیں اتنا کوئی نہیں رہا ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کو فوجی عدالتوں کے قیام پر سخت تحفظات ہیں، لیکن تحفظ پاکستان آرڈیننس پر عمل در آمد کی صورت میں بتایا گیا کہ سول عدالتوں کے ججز کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔
چوہدری اعتزاز نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے قیام پر پیپلز پارٹی کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے پیر کے روز وکلاء کا اعلی سطح کا اجلاس طلب کیا گیا ہے اجلاس سےپیپلز پارٹی کے سابق صوبائی سیکرٹری جنرل چوہدری غلام عباس سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔