اسلام آباد: چھ سو اڑتالیس ارکان پارلیمنٹ نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرادی ہے۔
پارلیمنٹیرین نے گوشواروں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کردیں، الیکشن کمیشن کے مطابق گیارہ سو چوہتر اراکین میں سے چھ سو اڑتالیس نے تفصیلات جمع کرادیں، آخری دن اثاثے جمع کرانے والوں میں وزیرِاعلی پنجاب شہباز شریف، تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان، وزیرِخزانہ اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ آصف سمیت رحمان ملک ، شیری مزاری اور دیگر شامل ہیں۔
خیبر پختون خوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک، ق لیگ کے رہنماء پرویز الٰہی سمیت پانچ سو تیئس ارکان نے اثاثے ظاہر نہیں کئے، الیکشن کمیشن کے مطابق تفصیلات جمع کرانے والوں میں قومی اسمبلی کے دوسوتینتالیس، سینیٹ کے پچیاسی، پنجاب اسمبلی کےایک سو اکتالیس، سندھ کے نوے، خیبرپختونخوا کےاکیانوے اور بلوچستان اسمبلی کے اٹھائیس ارکان شامل ہیں۔
گوشوارے جمع نہ کرانے والوں میں چھیانوے کا تعلق قومی اسمبلی ،سینیٹ سے انیس، پنجاب اسمبلی کے دو سو تیس، سندھ کے اٹہتر، خیبرپختونخوا کے تریسٹھ اور بلوچستان اسمبلی سینتیس ارکان شامل ہیں۔
آخری اطلاعات تک رضا ربانی ، اسد عمر، فریال تالپر، خرم دستگیر، مخدوم امین فہیم، عارف علوی، شاہد خاقان عباسی اور بعض دیگر اراکین نے گوشوارے جمع نہیں کرائے۔گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کے نام پندرہ اکتوبر کو جاری کردیے جائیں گے اور انہیں کام سے روک دیا جائے گا۔