کراچی: بینک ڈکیتی کی انوکھی واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، تحقیقاتی ادارں نے سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزم کی تصاویر بھی حاصل کرلیں۔
کراچی کے علاقے سخی حسن کے قریب نجی بینک میں ایک ڈاکو گھس آیا تھا، نا تجربے کار ڈاکو نے پورے بینک کے عملے کو ماموں بنادیا۔ پستول دکھایا اور بیگ میں بم کی موجودگی کی اطلاع دی تو پورا بینک خالی ہوگیا۔
تن تنہا پستول کو دور رکھ کر ڈاکو نے کیشئیر کے شیشے کی دیوار کو توڑا، کیشئیر کی دارز سے جو کچھ ملا مال مفت دل بے رحم جان کر ڈاکو نے ایک ڈبے میں ڈالا پھر سارے پیسے اپنے بیگ میں ڈالے اور چلتا بنا۔
سیکیورٹی گارڈ اور عملہ ایک اناڑی ڈاکو کے سامنے بے بسی کی تصویر بنے نظر آئے، پوری واردات کے دوران ڈاکو نہتا ہی رہا پر کسی کی ہمت نہ ہوئی کہ اس پر ہاتھ ڈال دے۔