کراچی : مختلف علاقوں میں دہشت گرد عناصرکے خلاف پولیس اور رینجرز کی ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری ہیں، مشرف کالونی پانچ سو کوارٹرمیں رینجرز نے ایک کارروائی کے دوران لیاری گینگ وار کا ایک ملزم ہلاک کر دیا۔
کراچی میں قتل وغارت گری کا سلسلہ نہ تھم سکا، اورنگی ٹاؤن چار نمبر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مچھر کالونی سے سی آئی ڈی پولیس نے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم اعجاز عرف کپی کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش ٹارگٹ کلنگ اور اسٹریٹ کرائم کی سو سے زائد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔
رینجرزنے مشرف کالونی پانچ سو کوارٹرمیں خفیہ اطلاع پرکارروائی کی جس دوران ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔۔ رینجرزکی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک ہوگیا۔
رینجرز ترجمان کے مطابق ہلاک ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار سے تھا، جس کی شناخت سعید کمانڈو کی نام سے ہوئی ہے، ملزم پانچ افراد کے قتل سمیت متعدد وارداتوں میں ملوث تھا، لانڈھی میں مسافر بس الٹنے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ نو افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔