کراچی : آگ برساتے سورج نے کراچی میں پڑاؤ ڈال لیا، آج بھی قیامت خیز گرمی پڑنے کا امکان ہے، ادھر محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنا دی ہے کہ منگل سے کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
کراچی شہرکی ٹھنڈی شامیں اور راتیں بھی گرم تھپیڑوں میں تبدیل ہوگئی، ایسے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا قہر روزے داروں پر قیامت بن کر ٹوٹ پڑا شہرقائد میں آج بھی سورج کے تیورٹھیک نہیں۔
شہرِ قائد میں صبح ہی صبح گرمی کا پارہ چھتیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ سہہ پہر تک درجہ حرارت تینتالیس ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
ادھرگرمی کے ماروں کو ایک بار پھر محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنا دی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل سے مون سون کی ہوائیں سندھ میں داخل ہونا شروع ہوجائینگی، کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں کل سے بارش کا امکان ہے۔
ڈی جی میٹ کے مطابق کراچی میں کل تک گرمی میں مزید کمی آجائے گی، محکمہ موسمیات نے مزید پیشگوئی کی ہے کہ مون سون کاسسٹم شمالی علاقوں میں داخل ہوچکا ہے، رمضان المبارک کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی کراچی سمیت صوبہ سندھ ، بلوچستان، پنجاب، زیریں خیبر پختونخواہ میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا۔رمضان کے پہلے عشرے کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشنگوئی۔ آج سے جمعرات کے دوران کشمیر، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن اور اسلام آباد میں کہیں کہیں تیزگرد آلودہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارشوں کا امکان ہے۔
آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کے دوران موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا۔ تاہم آج شام/رات کشمیر، میرپور خاص ، ژوب ، قلات، سبی ڈویژن، اسلام آباد، پنجاب(راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، ساہیوال، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان ڈویژن)، خیبر پختونخواہ (پشاور، ہزارہ، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن) اور فاٹا میں چند مقامات پر تیز/گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے ۔راولپنڈی، ساہیوال، فیصل آباد، سرگودھا میں بعض مقامات پر آندھی کا بھی امکان ہے۔
گذشتہ روز بھی کراچی میں سورج آگ برساتا رہا،شہرقائد کے مختلف علاقوں میں صبح برسنے والی بوندا باندی بھی گرمی کا زور نہ توڑسکی اور دوپہر تک پارہ بیالیس ڈگری کو چھوگیا۔
محکمہ موسمیات کےمطابق کراچی میں گرمی کی لہر مزید چند روز جاری رہنے کا امکان ہے۔