کراچی میں پولیس اور رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہیں، احسن آباد میں پولیو ٹیم پرحملے میں ملوث ایک دہشت گرد ہلاک جب کہ ایک کو گرفتار کرلیا گیا، مختلف کاروائیوں میں ٹارگٹ کلرز، بھتہ خوروں سمیت چالیس سے زائد جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
احسن آباد میں پولیس نے انسداد پولیو مہم کی ٹیم پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی اورمقابلے کے بعد کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ہے، ملزمان کی شاخت امیر حمزہ اور نور اللہ عرف مصباح الدین کے ناموں سے ہوئی۔
ملزم نوراللہ عرف مصباح دوران علاج ہلاک ہوگیا، بن قاسم میں پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے چار کارندے گرفتار کرلئے ہیں، اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ نے سرجانی ٹاون میں کاروائی کے دوران مقابلے کے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، پی آئی بی پولیس نے مختلف کاروائیوں میں مفرور ملزم سمیت تین جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ٹارگٹ کلنگ، منشیات فروشی اور بھتہ خوری میں ملوث اکیس ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان سے دستی بم، ایس ایم جی رائفل اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا، ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار اور سیاسی جماعتوں سے ہے۔