کمالیہ: نواحی علاقہ جکھڑ میں آتش بازی کا سامان تیار کرنے والے گھر میں آتشزدگی سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔
کمالیہ کے نواحی علاقہ جکھڑ میں گزشتہ روز آتش بازی کا سامان تیار کرنے والے گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی، جس سے گھر میں موجود تین بچے عروج فاطمہ، حسنین اور اسد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کا بڑا بھائی یاسر اور والدہ آگ سے بری طرح جھلس گئے۔
جنہیں تشویشناک حالت میں فیصل آباد الائیڈ ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دونوں ماں بیٹا دم توڑ گئے، جاں بحق افراد کی نماز جنازہ آج صبح ادا کردی گئی ہے ۔
مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا ہے کہ آتش بازی کا سامان تیار کرنے والے ارشد چوہان نے منصوبہ بندی کے تحت آتشزدگی کرائی، جس سے پانچ ہلاکتیں ہوئیں۔
ڈی ایس پی سرکل کمالیہ محمد عثمان کا کہنا ہے کہ ارشد چوہان کے پاس آتش بازی کا سامان تیار کرنے کا لائسنس موجود ہے ۔