کراچی: شہر قائد میں تین دن کے دوران گرمی اور لو لگنےسےجاں بحق افراد کی تعداد چار سو پینتالیس ہو گئی
کراچی سمیت پورے صوبہ سندھ کو گرمی نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے.
اس شدید موسم نے پیر کو 163 مزید جانیں لے لیں، جس کے بعد کراچی میں شدید گرمی اور لو لگنے کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 445 سے زائد ہوگئی ہے۔
عباسی شہید ہسپتال میں پیرکی صبح 7 افراد ہلاک ہوئے، اس سے قبل ہفتے اور اتوار کو عباسی شہید ہسپتال میں 30 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں 12 خواتین اور 2 بچے بھی شامل تھے۔
دوسری جانب جناح اسپتال میں گزشتہ رات سے لے کر اب تک مزید 50 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس سے قبل جناح ہسپتال میں 85 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی۔
سول ہسپتال کراچی میں پیر کی صبح مزید 6 ہلاکتیں ہوئیں، جس کے بعد سول ہسپتال میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 35 تک جا پہنچی ہے۔
کراچی کے پانچ اسپتالوں سے لئے گئے اعدادوشمار کے مطابق اب تک شہر میں کم از کم 445 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ گرمی اور حبس سے جاں بحق افراد میں سے 80 فیصد ہیٹ سٹروک کے باعث ہوئیں۔
گرمی سے متاثرہ سب سے زیادہ افراد جناح ہسپتال لائے گئے جبکہ عباسی شہید ہسپتال، سول ہسپتال، لیاری جنرل ہسپتال اور سندھ گورنمنٹ ہسپتال نیو کراچی میں بھی بڑی تعداد میں گرمی سے جاں بحق افراد کی لاشیں لائی گئیں۔
گرمی اور حبس سے مرنے والوں کی تعداد اتنی بڑھ گئی کہ ان کے لئے سٹریچرز بھی کم پڑ گئی۔ سرکاری ہسپتالوں میں گرمی کی شدت سے جاں بحق ہونے والے افراد میں زیادہ تعداد ساٹھ سے زائد عمر کے افراد تھے جن میں خواتین بھی شامل تھیں جنہیں مختلف علاقوں سے لایا گیا۔