کراچی: صوبائی وزیرکے مطابق شہرمیں قاتل گرمی سے ہلاک ہونے والے افراد میں سے زیادہ تعداد بے گھر افراد کی ہے۔
کراچی دو کروڑسے زائد کی آبادی کا وسیع و عریض شہرہے جہاں محض چندعلاقے سرسبزہیں اوربہت ہی کم جگہیں ایسی ہیں جہاں تیز گرمی میں سرچھپایا جاسکے۔
وہ افراد جن کے لئے سڑکیں ہی گھر کا درجہ رکھتی ہیں ان کے لئےاس جلسا دینے والی گرمی میں سایہ دارجگہ اور پینے کے صاف پانی تک رسائی بےپناہ مشکل ہے۔
صوبائی وزیرصحت جام مہتاب ڈہرنے فرانسیسی خبررساں ادارے سے کہا کہ ہیٹ اسٹروک کا شکار ہونے والے 60سے 65 فیصد افراد بھکاری یا ہیروئنچی تھے‘‘۔
وزیرصحت کے مطابق باقی ماندہ 35 سے 40 فیصد میں زیادہ تعداد بزرگ خواتین کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی عدم فراہمی نے بھی اموات میں بڑا کردارادا کیا ہے۔
سینئر ہیلتھ ظفر اعجاز کے مطابق شہر کے اسپتالوں سے آنے والی اطلاعات کے مطابق پیر کے روز تک اموات کی تعداد 1،229 تک جاپہنچی تھی۔