صادق آباد: صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نو افراد کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر پر آگئی جس میں ملزمان کو فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد کے علاقے چوک ماہی میں گزشتہ روز ڈاکوؤں نے پیٹرول پمپ پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق ہوئے۔ افسوسناک واقعے میں جاں بحق افراد کی شناخت غلام نبی، نذیر احمد، پیر بخش ، ظہیر، شریف، داؤد، ملک منور اور فاروق کے ناموں سے ہوئی ہے۔
بعد ازاں آئی جی پولیس پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔
دوسری جانب ورثا کا کہنا تھا کہ اندھڑ گینگ کے سرغنہ جان محمد نے ساتھیوں سمیت حملہ کیا، ورثا نے لاشیں گڈو کشمور روڈ پر رکھ کر احتجاج کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
رحیم یار خان: پیٹرول پمپ پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 8 افراد قتل
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی واقعے کا نوٹس لیا، انہوں نے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ فائرنگ کے واقعے میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
خیال رہے کہ پولیس نے 9افراد کے قتل کا مقدمہ ورثا کی مدعیت میں درج کرلیا جبکہ عدم تحفظ کے شکار مقتولین کے ورثا علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ ورثنا نے کہا صادق آباد کے علاقوں میں نوگو ایریاز ختم کیے جائیں۔