اتوار, دسمبر 29, 2024
اشتہار

وادی ہنزہ: لوہے کا پل لگانے کے لیے مطلوبہ سامان روانہ، متبادل راستے سے ٹریفک جاری

اشتہار

حیرت انگیز

گلگت: گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ میں حسن آباد پل ٹوٹنے کے بعد وزیر اعظم نے ہنگامی اقدامات کا حکم دیا ہے، حسن آباد میں لوہے کا پل لگانے کے لیے مطلوبہ سامان پہنچایا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ہنزہ میں شیشپر گلیشیئر سے پانی کے اخراج سے تباہی پر ہنگامی اقدامات کا حکم دے دیا، وزیر اعظم نے متاثرہ خاندانوں سے نقصانات پر ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ عوام کی حفاظت اور محفوظ مقامات پر منتقلی یقینی بنائی جائے۔

- Advertisement -

انہوں نے متاثرہ علاقوں میں خوراک، ادویات اور ضروری ہنگامی سامان پہنچانے اور وفاقی اداروں کو گلگت بلتستان کی حکومت کی بھرپور معاونت کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزیر اعظم نے زرعی زمین، پینے کے پانی کے نظام کی تباہی اور 2 بجلی گھروں کے متاثر ہونے کا تخمینہ لگانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے 700 اور 250 میگا واٹ بجلی گھروں کی جنگی بنیادوں پر بحالی کا حکم دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بجلی گھروں کی بحالی و مرمت کے اخراجات وفاقی حکومت ادا کرے گی، وزیر اعظم نے شاہراہ قراقرم کو پہنچنے والے نقصان پر بھی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

موجودہ صورتحال

ہنزہ میں حسن آباد پل ٹوٹ جانے سے قراقرم ہائی وے پر ٹریفک تاحال بند ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن آباد میں لوہے کا پل لگانے کے لیے مطلوبہ سامان پہنچایا جا رہا ہے۔

قراقرم ہائی وے کے متبادل نگر اطراف سے بڑی گاڑیوں کی آمد و رفت بند کردی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کوسٹرز کے علاوہ دیگر بڑی گاڑیوں کو متبادل روٹ سے نہیں گزارا جائے گا، کوسٹرز کو بھی مقررہ اوقات میں متبادل روٹ سے گزرنے کی اجازت ہوگی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں