کراچی: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل آج نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، اس موقع پر پاکستانی پی کے اور چاچا پاکستانی بھی جوش و خروش کے ساتھ میچ دیکھنے کے لیے پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق کشمیر روڈ کمپلکس سے نیشنل اسٹڈیم کی جانب رواں دواں شہریوں میں سے ایک نے ’پی کے‘ کا روپ دھارا ہوا تھا‘ اور اس نے اپنا نام پاکستانی پی کے رکھا ہے۔
اس پاکستانی پی کے کا ہیلمٹ بھی ہرے رنگ کا ہے جس پر پاکستان کے پرچم بنے ہوئے ہیں جبکہ اس نے گلے میں بہت سے تسبیحات اور اسی نوعیت کی دیگر اشیا بھی ڈالی ہوئی ہیں۔
پی کے سے جب سوال کیا گیا کہ وہ فائنل میں کس ٹیم کو سپورٹ کررہے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ وہ پی ایس ایل کو سپورٹ کررہے ہیں‘ انہوں نے ایک دلچسپ انکشاف کیا کہ پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی کا تعلق ان کے ’گولے‘ سے ہے ‘ اس لیے وہ ان کا پسندیدہ کھلاڑی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے مابین کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد کیا جائے گا، جسے دیکھنے کے لیے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی، وزیراعلیٰ سندھ، بلاول بھٹو زرداری سمیت عوام بڑی تعداد میں پہنچ گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل فائنل: کراچی میں ٹی شرٹس کی ریکارڈ فروخت
کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں اور شہریوں کو مختلف مقامات سے مخصوص شٹل سروسز کے ذریعے اسٹیڈیم پہنچایا جارہا ہے جبکہ گراؤنڈ جانے والے عوام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ داخلے کا ٹکٹ اور اپنا اصل شناختی کارڈ ساتھ رکھیں۔
کراچی میں 9 برس بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی پر شائقین کرکٹ کا جوش دیدنی ہے، گذشتہ روز شہر قائد میں اس قدر جوش و خروش تھا کہ پی ایس ایل کی چاند رات معلوم ہورہی تھی اور ہر شخص اپنی پسندیدہ ٹیم کے حق میں نعرے لگا رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فائنل: سیکورٹی انتظامات مکمل‘ اسٹیڈیم جانےوالےشائقین کےلیےخصوصی ہدایات
علاوہ ازیں پی ایس ایل کے فائنل کی تیاریوں کے معاملے میں کراچی کی مارکیٹوں میں بڑی تعداد میں ٹی شرٹس فروخت ہوئیں جبکہ ہوٹلوں میں بکنگ فل اور کرائے کی گاڑیاں نایاب ہوگئیں، گزشتہ دو روز میں کروڑوں روپے کی اشیاء فروخت ہوئیں۔