لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کر دی ہے کہ ملتان اور راولپنڈی کے کرکٹ اسٹیڈیمز زمبابوے کی میزبانی کریں گے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ اکتوبر نومبر میں زمبابوے کے ساتھ تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز اور ٹی 20 میچز ملتان اور راولپنڈی اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی کی جانب سے یہ تصدیق زمبابوے حکومت کی جانب سے زمبابوے کے پاکستان دورے کی سرکاری تصدیق کے بعد آئی ہے۔ کرونا وبا کی وجہ سے یہ سیریز بند دروازوں کے پیچھے کھیلی جائے گی۔
ون ڈے میچز 30 اکتوبر، یکم اور 3 نومبر کو کھیلے جائیں گے، جس کے بعد 3 ٹی ٹوینٹی میچز 7، 8 اور 10 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔
دورہ پاکستان کیلیے زمبابوےکا تربیتی اسکواڈ کا اعلان
زمبابوے کا اسکواڈ 32 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا جس میں دونوں طرز کے کھیلوں کے کھلاڑی شامل ہیں، انٹرا اسکواڈ وارم اپ میچز کے کھلاڑی بھی اس اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔
پی سی بی کے بیان کے مطابق زمبابوے اسکواڈ کے 2 کو وِڈ نائنٹین ٹیسٹ کیے جائیں گے، ایک ٹیسٹ ہرارے میں روانگی سے قبل 48 گھنٹوں کے دوران کیا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ اسلام آباد پہنچنے کے فوراً بعد کیا جائے گا۔
انٹرنیشل ٹیم کے اگلے ماہ پاکستان آنے کی تصدیق، شیڈول جاری
پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور دیگر معاون عملے کے ٹیسٹ منفی آنے کے بعد وہ اپنی ٹریننگ شروع کر سکیں گے۔ وہ کھلاڑی اور عملہ جن کی رپورٹس مثبت آئیں گی، وہ ٹور کے دوران پانچ دن کے سیلف آئسولیشن میں رہیں گے، اور انھیں ٹیم کو جوائن کرنے کے لیے دو منفی ٹیسٹس کے بعد اجازت دی جائے گی۔