اتوار, جون 16, 2024
اشتہار

بانی پی ٹی آئی کی سوچ اور رویے میں تبدیلی آئی ہے، رؤف حسن

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی سوچ اور رویے میں تبدیلی آئی ہے۔

پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے میری ملاقات ہوئی ہے، انہوں نے حماد اظہر اور دیگر رہنماؤں کو پیغام بھجوایا کہ لیڈ کرو اور میری کال کا انتظار کرو۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کبھی نہیں کہا کہ کسی سے بات نہیں کرنا چاہتا۔

- Advertisement -

رؤف حسن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں مجھے تو اس وقت حکومت لینی ہی نہیں چاہیے تھی، پی ٹی آئی اقتدار میں آئی تو احتساب کا عمل نہیں کرنے دیا گیا، شروع سے ہی ہماری حکومت ڈی ریل ہونا شروع ہوگئی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ سے اتفاق کرتا ہوں کہ سیاسی قوتوں کو ایک ہونا پڑے گا، اقتدار میں پی ٹی آئی نے اپوزیشن جماعتوں پر کوئی مقدمہ درج نہیں کیا تھا۔

رؤف حسن نے کہا کہ رانا ثنا پر ہیروئن کا مقدمہ ہمارا کام نہیں تھا، معاملے میں ہم شریک ہوئے مانتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی (ف) کے درمیان بہت خلیج تھی، آج دونوں جانب سے ٹی او آرز بن رہے ہیں، دونوں جماعتیں قریب آرہی ہیں۔

رؤف حسن نے کہا کہ خوشی ہے کہ پی ٹی آئی اور فضل الرحمان کے درمیان خلیج کم ہورہی ہے، میرا خیال ہے ملکی سیاست بدل رہی ہے اگر جمہوری قوتیں ایک ہوجاتی ہیں تو پاکستان کی آئینی تاریخ بدل دیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ زندگی میں کبھی سیکیورٹی کے ساتھ نہیں گھوما، خود گاڑی چلائی، حملہ آوروں نے کہا بھی کہ وہ مجھے ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے، آج بھی سوچتا ہوں کہ میں نے پہلے واقعے کے بعد توجہ کیوں نہیں دی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حملہ آوروں کے ساتھ ایک چادر والا شخص بھی تھا، انہوں نے کہا بھی کہ ہم تو آپ کو دو دنوں سے تلاش کررہے تھے۔

رؤف حسن نے کہا کہ ایف آئی آر سے متعلق ہماری لیگل ٹیم دیکھ رہی ہے، حملہ آوروں کو پکڑنا بہت آسان ہے، ویڈیوز موجود ہیں ملزمان پکڑنے میں سنجیدہ ہیں تو نادرا کے پاس جائیں۔ نادرا کے ذریعے ایک گھنٹے میں گرفتار کیا جاسکتا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں