کراچی :انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر وحید الرحمان کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے پندرہ مئی تک کی ڈیڈ لائن دیدی۔
صدر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر جمیل کاضمی کا کہنا ہے کہ اگر پندرہ مئی تک مطالبات منظور نہ کئے گئے تو ملک بھر میں جامعات کی تالابندی کردی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پندرہ مئی کو ملک بھر کی جامعات کے نمائندہ اساتذہ کے اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، پروفیسر جمیل کاضمی نے تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قاتلوں کے منصوبہ ساز کو گرفتار کیا جائے۔
دوسری جانب کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر وحیدالرحمان کے قتل کی تحقیقات کے لئے تفتیشی ٹیم جامعہ کراچی پہنچ گئی ۔
اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر وحیدالرحمان قتل کیس میں منصوبہ ساز کون تھے؟ حملے کے محرکات کیا تھے ؟ واردات کے ہرپہلو کا جائز لینےتفتیشی ٹیم جامعہ کراچی پہنچ گئی۔
تحقیقاتی ٹیم میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن عارب مہر، ڈی ایس پی عزیز آباد اعجاز الدین شیخ ، کیس کے تفتیشی افسر نثار قریشی سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران شامل ہیں ۔ ٹیم وائس چانسلر اور اساتذہ سے معلومات اکھٹا کرے گی جبکہ مقتول پروفیسر کے قریبی دوستوں کے بیانات بھی ریکارڈ کئے جائیں گے۔
اس سے پہلے پولیس نےمبینہ حملہ آور کاخاکہ جاری کیا تھا ۔ ڈاکٹر وحید الرحمان کو گزشتہ روز گھر سے جامعہ کراچی جاتے ہوئے فیڈرل بی ایریا میں نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کردیا تھا۔