دبئی: آئی سی سی نے کرکٹ ورلڈ کپ کے کوارٹرفائنلز کے وینیوز کا فیصلہ کرلیا، کوارٹرفائنلز اٹھارہ سے اکیس مارچ تک ہوں گے۔
آئی سی سی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق گروپ اے کی ٹاپ ٹیم گروپ بی کے چوتھے نمبر کی ٹیم سے اٹھارہ مارچ کو سڈنی میں کوارٖٹرفائنل کھیلے گی، گروپ اے سے سری لنکا اور انگلینڈ کوالیفائی کرنے کی صورت میں بالترتیب اٹھارہ اور انیس مارچ کو اپنے کوارٖٹرفائنلز کھیل سکیں گے۔
سری لنکا کوالیفائی نہ کرسکا تو گروپ اے کی دوسری ٹیم اٹھارہ مارچ کو کوارٹرفائنل کھیلے گی، آسٹریلیا آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بناتی ہے تو اس کا مقابلہ بیس مارچ کو ایڈیلیڈ میں ہوگا۔
ایونٹ کی دوسری میزبان ٹیم نیوزی لینڈ کوارٹرفائنل تک رسائی کی صورت میں اکیس مارچ کو ویلنگٹن میں ایکشن میں دکھائی دے گی، گروپ بی سے کون سی ٹیم کب اور کہاں کھیلے گی یہ واضح نہیں کیا گیا ہے۔