اسلام آباد: دفترخارجہ کا کہنا ہے خطے کے تبدیل شدہ حالات میں پاکستا ن کے حوالے سے بھارتی فوجی سربراہ کا بیان غیرذمہ دارانہ ہے۔
دفترخارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ڈرون حملوں پرپاکستان کا موقف بالکل واضح ہے، ڈرون حملے ملکی سلامتی کے خلاف ہیں، ان کی مذمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا خطے میں حالات کی تبدیلی کو محسوس کیا جانا چاہیئے، بھارتی آرمی چیف نے پاکستان سے متعلق غیرذمہ دارانہ بیان دیا ہے، انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں کسی تفریق کے بغیر دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جارہا ہے،افغانستان کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات افسوسناک ہیں۔
تسلیم اسلم نے کہا کہ پاکستان نے اسرائیلی جارحیت کی ہمیشہ مذمت کی ہے، طارق فاطمی نے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل میں غزہ کے لئے آواز اٹھائی ہے، ترجمان نے کہا کہ امور خارجہ کے لئے وزیراعظم کے مشیرسرتاج عزیز بارہ اگست کو اوآئی سی کانفرنس میں شرکت کریں گے اور چین کے صدر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔