لاہور: پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم قادری نے کہا ہے کہ حکومت نے سانحہ ملتان کی تحقیقات کےلیے سیکرٹری ماحولیات کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا تعین کیا جائے گا ۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زعیم قادری نے کہا کہ تحریک انصاف کے جلسہ میں بھگدڑ میں ضلعی انتظامیہ ملوث نہیں اور جلسہ گاہ کی اندورنی سیکورٹی کی ذمہ داری تحریک انصاف نے لے رکھی تھی ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے جلسوں میں بدنظمی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے ، ضلعی انتظامیہ نے عوام کی سہولت کیلئے جلسہ گاہ کے چھ میں سے پانچ گیٹ کھول رکھے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ اگر 1122 ہجوم کو کنٹرول کرنے کےلیے پانی نہ پھینکتی تو ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ ہوتی ، تحریک انصاف کے رہنما لاشوں پر سیاست کرنا چھوڑ دیں اور اپنی کوتاہیاں دوسرے کے کھاتے میں نہ ڈالیں۔