ملک بھر سرد موسم اپنے جوبن پر ہے, پہاڑی علاقوں میں برف باری سے بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہیں، محکمہ موسمیات نے تین روز تک سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیش گوئی کردی۔
ملک بھر میں سردی نئے نئے ریکارڈ بنارہی ہیں، کئی شہروں میں ٹھنڈ نے دہائیوں کے پرانے ریکارڈ توڑ دیئے، گلگت بلتستان کے بلند و بالا پہاڑوں پر برف ہی برف کے نظارے ہیں تو سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقے یخ بستہ ہواؤں کی لیپٹ میں ہیں، بالائی علاقے سوات اور ایبٹ آباد میں برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہیں۔
کوئٹہ شہر میں قلفی جما دینے والی سردی میں پانی بھی لائنوں میں جم گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے تین روز تک سردی کی شدت میں کمی کا امکان نہیں، پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، سب سے کم درجہ حرارت استور میں منفی تیرہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
شہروں کے درجہ حرارت بھی کچھ اسطرح رہے، اسلام آباد منفی تین، لاہور ایک، کراچی نو، پشاور صفر اور کوئٹہ میں منفی نو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔