لاہور : پاکستان عوامی تحریک نے وفاقی حکومت کی دوسالہ ناقص کارکردگی پر گیارہ مئی کو وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔
پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا ہنگامی اجلاس لاہور میں ہوا،جس میں پاک فوج کے خلاف بیان بازی کی مذمت اور دہشتگردی کے خلاف آپریشن کی کامیابی کیلئے دعا کی گئی۔
اجلاس میں لوڈشیڈنگ ،مہنگائی ،ٹارگٹ کلنگ اور سنگین جرائم میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی دو سالہ ناقص کارکردگی پر گیارہ مئی کو وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان کیا گیا۔
سینٹرل ایگزیکٹو کونسل نے ملک بھر میں تنظیم نو کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں حکمران کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شفاف تحقیقات کی راہ میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ جاری کی جائے۔
پیٹرولیم مصنوعات پر ریگولیٹری ڈیوٹی واپس لینے اور پٹرول کی قیمتیں دس روپے لیٹر کم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی صحت یابی کیلئے دعا اور شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔