لاہور: جماعتِ اسلامی پاکستان کےامیرسراج الحق نے کہا ہے کہ سیاسی بحران کی وجہ سے ہردن ایک قیامت گزررہی ہے اس لئے ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ موجودہ سیاسی بحران کے حل کے لئے فریقین سے رابطے ازسرِنو بحال کریں گے، یہ بات انہوں نے منصورہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ گذشتہ اڑسٹھ سال سے پاکستان میں مفاد پرستوں نے سیاست جمہوریت، معاشی اداروں اورعوام کویرغمال بنا رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اب تک کئی صحافیوں کو قتل کیا جا چکا ہے لیکن بد قسمتی سے آج تک کسی صحافی کے قاتل کو گرفتارنہیں کیا جاسکا،کیونکہ پاکستان میں غریب کے خون کی کوئی قیمت نہیں،سراج الحق نے کہا کہ دھرنوں سے سب سے زیادہ نقصان عوام کا ہوا ہے،ہم کسی ایسے اقدام کی حمایت نہیں کریں گے کہ جس سے آئین اورجمہوریت پرضرب پڑتی ہو۔
امیرجماعتِ اسلامی نے کہا کہ ملک کے حالات کو بہتربنانے اورپاکستان کو قائدِ اعظم محمد علی جناح کے اصولوں کے مطابق بنانے کیلئے نومبر کے مہینے میں مینارِپاکستان پر جلسے کاانعقاد کیا جائیگا،جس میں تحریکِ پاکستان کے کارکنان کومدعوکیا جائیگا، اورہم ایک نئے جذبے کے ساتھ تحریک پاکستان کا آغازکریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں غریبوں کی نہیں جاگیرداروں کی حکومت ہے، ہم الیکشن کمیشن کی تمام خرابیوں کو دور کرنے کیلئے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت کریں گے۔