اسلا آباد : پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے پر امن مظاہرے کے موقع پر فیصل آباد میں ن لیگ نے طے شدہ منصوبے کے تحت فائرنگ کی۔
فائرنگ کرنے والوں کی تصاویر واضح ہیں پھر بھی ملزمان کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ سابق وزیررانا ثناءاللہ ملزمان کو پکڑوانے کے بجائے ٹی وی پر آکر جھوٹ بولتے ہیں، انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کا منصوبہ رانا ثناءاللہ کی زیر صدارت سرکٹ ہاؤس میں ایک اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں وہ ملزمان بھی موجود تھے جن کو رانا ثناءاللہ نے اپنی پریس کانفرنس میں بے گناہ بنا کر پیش کیا تھا، اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کو وہ تصاویر بھی دکھائیں، جس میں مذکورہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
شیریں مزاری نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر رانا ثناء اللہ کو گرفتار کیا جائے، کیوںکہ اگر وہ گرفتار نہ ہوئے تو تفتیشی افسران پر دباؤ ڈال کر کیس پر اثر انداز ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ آزادانہ انکوائری کروا کر حق نواز کے قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ فیصل آباد واقعہ کی تحقیقات کرنے سے قبل وہاں کی ضلعی انتظامیہ کو معطل کر ے کیونکہ وہ انکوائری پر اثر انداز ہونے کے لیے دباو ڈالے گی ۔
ان کا کہنا تھاکہ ماڈل ٹاون کے واقعہ میں ملوث رانا ثناء اللہ کو صرف وزارت سے ہٹایا گیا گرفتار نہیں کیا گیا ۔ہمیں اس مرتبہ بھی حکومت پر اعتبار نہیں ہے کہ وہ سانحہ فیصل آباد کی انکوائری شفاف کرے گی ۔
پاکستان تحریک انصا ف سیاسی جماعت ہے اور پرامن احتجاج کرنا ہماری آہینی حق ہے ۔حکومت اگر مذاکرت میں سنجیدہ ہے تو پہلے جوڈیشل کمیشن تشکیل دے ۔ہم حکومت سے مذاکرت کرنا چاہتے ہیں لیکن اس کے لیے حکومت کو اعتماد سازی کرنی ہوگی ۔
قومی اسمبلی سے استعفوں کو موخر کیا گیا ہے ۔وزیر اعظم کے استعفی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ ہم کبھی بھی وزیر اعظم کے استعفی سے پیچھے نہیں ہٹے لیکن کچھ وقت کے لیے موخر ضرور کر دیا گیا ہے ۔
اگر حکومت نے 18 دسمبر سے قبل جوڈیشل کمیشن تشکیل دے دیا تو پاکستان بند کرنے کی کال واپس لے سکتے ہیں ۔مسلئے کے حل کا دارمدار اب حکومت پر ہے ہم نے شروع سے لے کر اب تک لچک کا مظاہرہ کیا ہے ۔
سانحہ فیصل آباد طے شدہ تھا ۔مسلم لیگ کا پروگرام ہمیشہ سے قتل وغارت کا رہا ہےسانحہ ماڈل ٹاون کے بعد سانحہ فیصل آباد میں بھی ثناء اللہ ملوث ہیں ۔رانا ثنا ء اللہ کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے اور وہ ہر روز ٹی وی پر بیٹھ کر قوم کے سامنے جھوٹ بولتے ہیں ۔