اسلام آباد:مسلم لیگ ق کے سیکریٹری جنرل مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ آفیسرز کی جانب سے سابق چیف جسٹس کے احکامات ماننے کا اعتراف کرلیا ہے۔
الیکشن کمیشن میں اصلاحات کے موضوع پر ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے تحت سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ق لیگ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی نے اعتراف کیا ہے کہ ریٹرننگ افسران براہ راست سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو رپورٹ کرتے تھے۔
مشاہد حسین سید نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن کے ممبران الیکشن کمیشن کے کنٹرول میں نہیں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق چیف الیکشن کمشنراس وقت کراچی میں تھے۔
دو ہزارتیرہ کے انتخابات سے قبل ان کی فخر الدین جی ابراہیم سے ملاقات ہوئی تھی اورانہوں نےچیف الیکشن کمشنر کو الیکشن کمیشن کے ممبران کے ہاتھوں یرغمال بنایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اور ق لیگ کے قائد چوہدری شجاعت حسین نے الیکشن کمیشن کے دیگر ممبران کی موجودگی میں الیکشن کمیشن کے ہیڈ آفس میں جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی سے ملاقات کی تھی۔
مشاہد حسین نےکہاکہ وہ دھرنےوالوں کے شکر گذار ہیں کہ اب انتخابی اصلاحات قومی ایجنڈے میں شامل ہے۔