اسلام آباد: وزیرِخزانہ اسحاق ڈار کے مطابق سیاسی صورت حال کے باعث تین اہم ٹرانزیکشن تاخیر کا شکار ہوئیں، جس سے ملک کو دو ارب چالیس کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ نہ مل سکا ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر سے ملاقات پر وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ سیاسی عدم استحکام کے باعث تین ٹرانزیکشن تاخیرکا شکار ہوئیں، جن میں سکوک بانڈز کا اجراء، آئی ایم ایف کے قسط اور او جی ڈی سی ایل کی نجکاری شامل ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر نے کہا ہے کہ اے ڈی بی کسی بھی ملک کو ایک ارب ڈالر ترقیاتی کاموں کیلئے فراہم کرسکتا ہے اور بھاشا ڈیم کیلئے بھی ہرممکن مدد کی جائے گی، انھوں نے پاکستان کو بھاشا ڈیم کیلئے مقامی وسائل کو بروکار لانے کی ترغیب بھی دی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر نے سیلاب کی تباہ کاریوں پراظہارِ افسوس بھی کیا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان اکتوبر میں ہونے والی ورلڈ بینک کانفرنس میں بھاشا ڈیم کو سرمایہ کاروں کیلئے پیشکش کرے گا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک توانائی ودیگر ترقیاتی منصوبوں کیلئے ایک ارب ڈالر کے قرضے سالانہ دے رہا ہے۔