کراچی:جھنگ کے قریب اٹھارہ ہزاری بند نہ توڑے جانے پر سیلابی ریلے نے جھنگ شہرکا رخ کرلیا ہے، سیلابی ریلا بائیس گھنٹوں کے دوران رحیم یار خان کے قریب سے گزرے گا۔
سپر فلڈ پنجاب بھر میں تباہی مچانے کے درپے ہے، جھنگ کےعلاقے موضع وجھلانا کے قریب بند میں شگاف پڑگیا، بھکر روڈ پر سیلابی ریلا داخل ہوگیا ہے، سیلابی ریلے میں تین افراد بہہ گئے، جس میں سے دو کی لاشیں مل گئیں ہیں ، جھنگ چنیوٹ روڈ زیرِ آب ہونے سے زمینی رابطہ کٹ چکا ہے۔
چنیوٹ کے قریب سیلابی پانی بھوانہ شہر میں داخل ہوگیا، چنیوٹ اور بھوانہ کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جبکہ دریائےجہلم سےملحقہ پیالہ بند میں تریموں کے مقام پر شگاف پڑگیا، لوگوں کوعلاقہ خالی کرنےکی ہدایت کردی گئی ہے۔
جلال پور بھٹیاں میں ایک لاکھ ایکڑ اراضی کا رقبہ زیرِآب آگیا، حافظ آباد کے دو سو چالیس میں سے دو سو دیہات غرقِ آب ہو گئے، رات گئے دریائے چناب میں ساڑھے چھ لاکھ کیوسک سیلابی ریلہ ضلع جھنگ کی حدود میں داخل ہوا، دریائے چناب کے سیلابی ریلے میں کوٹ مومن کے بیالس دیہات زیرآب آ گئے۔