کراچی : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی ہدایت پر موبائل فون کمپنیز نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے مفت ایس ایم ایس الرٹ سروس کا آغاز کر دیا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے تمام موبائل آپریٹرز کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سیلاب سے پہلے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے ایس ایم ایس کی مفت سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس عمل سے عوام بہتر طور پر متاثرہ علاقوں کو خالی کراسکے گی، حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر حکومت پنجاب اور وفاقی حکومت نے پی ٹی اے سے متاثرہ علاقوں میں سیلاب سے متعلق آگاہی کے لئے ایس ایم ایس مہم شروع کرنے کی ہدایت کی تھی ۔
وفاقی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی، موبائل کمپنیوں کو متعلقہ علاقے میں سیلابی صورتحال کے مطابق متعلقہ معلومات فراہم کریں گی، موبائل آپریٹرز نے سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، چینیوٹ، فیصل آباد، جھنگ، جہلم، ملتان مظفر گڑہ، بہاولپور اور خانیوال کے علاقوں میں ایس ایم ایس بھیجنا شروع کر دیئے ہیں۔