اسلام آباد: ملک کی ہر لمحہ بدلتی سیاسی صورتحال میں حکومتی رہنما شہاز شریف اور چوہدری نثارکی ایک ہفتے میں آرمی چیف سے دوسری ملاقات ہوئی ، جس میں اسلام آباد میں جاری دھرنوں اور سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور آرمی چیف کو سیاسی صورتحال پر اعتماد میں لیا۔
شہر اقتدار کی سڑکوں پر سجے سیاسی شو نے اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے سیاستدانوں کے لئے خطرہ کی گھنٹیاں بجا دیں، بحران پر قابو پانے کے لئے سیاستدانوں نے عسکری قیادت سے رابطہ بڑھا دیئے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستان عوامی تحریک کے انقلاب اور پاکستان تحریک انصاف کے آزادی مارچ سے پیدا ہونے والی صورتحال اور سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں فوری طور پر پی ٹی آئی اور پی اے ٹی سے مذاکرات شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حکومتی وفد اور جنرل راحیل شریف کے درمیان اسلام آباد کی صورتحال پر ایک گھنٹے سے زائد تک صلاح و مشورہ جاری رہے، اس سے پہلے چوہدری نثار اور شہباز شریف نے گزشتہ بدھ کو بھی آرمی چیف سے ملاقات کی تھی۔